نرگس فخری کی بہن پر سابقہ دوست کے قتل کا الزام: ‘میں نہیں سمجھتا کہ وہ کسی کو نقصان پہنچا سکتی ہے’
گذشتہ ماہ دو نومبر کی صبح چھ بج کر 20 منٹ پر نیویارک میں کوئنز کے مضافاتی علاقے جمیکا کے ایک مکان کے گیراج سے ایک نسوانی آواز آتی ہے ’یو آل آر گوئنگ ٹو ڈائی ٹوڈے‘ یعنی آج تم سب مرنے والے ہو۔
امریکی اخبار نیو یارک ڈیلی نیوز کے مطابق کوئنز ضلع کی اٹارنی ملینڈا کیٹز بتاتی ہیں کہ اس کے فورا بعد اس پراپرٹی پر موجود ایک خاتون (عینی شاہد) بھاگی بھاگی نیچے آتی ہیں اور دیکھتی ہیں کہ عمارت میں آگ لگی ہوئی ہے۔
وہ بتاتی ہیں کہ ’آگ لگنے سے ایٹینے خبردار ہو جاتی ہے اور نیچے بھاگتی ہے لیکن پھر وہ اوپر جاتی ہے تاکہ سوتے ہوئے جیکب کو بچا سکے۔ اس دوران عمارت پوری طرح آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آتی ہے نہ جیکب اور نہ ہی ایٹینے بچ پاتی ہیں۔‘
اس عینی شاہد کے بیان کی بنیاد پر دو منزلہ عمارت میں آتشزدگی اور دو افراد کے مبینہ قتل کے معاملے میں معروف اداکارہ نرگس فخری کی بہن عالیہ فخری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لیکن عالیہ فخری کی والدہ کا کہنا ہے کہ انھیں یقین نہیں ہے کہ عالیہ اس قسم کا کوئی خطرناک کام کر سکتی ہے۔
عالیہ فخری پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے سابقہ بوائے فرینڈ اور ان کی دوست کو جلا کر مار ڈالا ہے۔ ان پر دانستہ طور پر قتل کرنے اور اس سے متعلقہ الزامات لگائے گئے ہیں اور اس کی بنیاد پر انھیں 27 نومبر کو حراست میں لیا گیا ہے۔
کوئنز کی اٹارنی میلنڈا کے مطابق مرنے والوں کی شناخت ایڈوارڈ جیکبز (35 سال) اور اناستاسیا ایٹینے (33 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیکب اور عالیہ پہلے قریبی دوست تھے لیکن جیکب کی ماں کے بیان کے مطابق گذشتہ ایک سال سے ان میں علیحدگی ہو گئی تھی تاہم عالیہ اس کے پیچھے پڑی ہوئی تھی۔
ملینڈا کیٹز نے میڈیا کو بتایا کہ عمارت میں آگ مبینہ طور پر عالیہ نے لگائی تھی اور یہ کہ جیکب کے گھر کے دروازے سے لگے ایک گیرج سے شروع ہوئی تھی۔ دونوں افراد اس آگ میں پھنس گئے تھے اور ان کے فرار کا کوئی راستہ نہیں بچا۔
کوئنز کے پارسنز بلیوارڈ کی 43 سالہ رہائشی عالیہ فخری کو 27 نومبر کو گرینڈ جیوری کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔
انھیں قتل اور اقدام قتل کی متعدد دفعات اور آتشزدگی کی دو دفعات کا سامنا ہے۔ اگر یہ سنگین ترین الزام ان پر ثابت ہوتا ہے تو انھیں عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس مقدمے کی اگلی عدالت سماعت نو دسمبر کو مقرر ہے۔
عالیہ فخری کون ہیں؟
عالیہ فاخری بالی وڈ کی معروف اداکارہ نرگس فخری کی چھوٹی بہن ہیں۔ نرگس فخری رنبیر کپور کے ساتھ فلم ’راک سٹار‘ اور سلمان خان کی فلم ’کک‘ میں آنے کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی تھیں۔
43 سالہ عالیہ اور نرگس کے والد محمد فخر پاکستان سے نقل مکانی کرکے امریکہ پہنچے تھے جہاں ان کی شادی جمہوریہ چیک کی میری سے ہوئی۔
عالیہ نیو یارک کے کوئنز میں نرگس کے دو سال بعد پیدا ہوئیں۔ دونوں بہنیں ہم عصر پل بڑھیں۔ نرگس پہلے ماڈل اور پھر اداکارہ بن گئیں، لیکن عالیہ کی زندگی شہرت کی چکا چوند سے دور رہی۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً دو دہائیوں سے دونوں بہنوں میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ نرگس نے یہ بات کہی کہ انہیں اس واقعے کا علم بھی اسی طرح ہوا جس طرح کسی اور کو۔
بچپن میں دونوں بہنیں ماں، باپ کی علیحدگی سے متاثر ہوئیں، کیونکہ علیحدگی کے کچھ عرصے بعد ان کے والد وفات پا گئے اور ان کی پرورش ماں نے کی۔
نرگس فخری کی ذاتی زندگی پر شائع رپورٹ کے مطابق جب وہ صرف چھ سال کی تھیں تو ان کے والد فوت ہو گئے، اس کا مطلب یہ ہے کہ عالیہ اس وقت صرف چار سال کی رہی ہوں گی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق، عالیہ کی زندگی اس وقت مشکلات کا شکار ہو گئی جب انہیں دانت کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے لیے انہیں درد کش دوا کا سہارا لینا پڑا اور بعد میں وہ اس کی عادی ہو گئیں۔
اب تک صرف عالیہ کی والدہ نے اس معاملے پر میڈیا سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا، 'مجھے نہیں لگتا کہ وہ کسی کو مار سکتی ہے۔ وہ ایسی شخصیت تھیں جو سب کا خیال رکھتی تھیں۔ اس نے ہر ایک کی مدد کرنے کی کوشش کی۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالیہ دانتوں کی خرابی کے بعد اوپیئڈ (افیون یا مسکن یا درد کش دواؤں) کی لت سے لڑ رہی تھیں۔ ان کا خیال ہے کہ اگر عالیہ نے ایسا کچھ کیا ہے تو اس لت کا ان پر اثر ضرور رہا ہوگا۔