ماں بننے کے بعد دپیکا کا پہلی مرتبہ عوام میں آنا، دلجیت دوسانجھ کے کانسرٹ میں ‘سادگی اور حسن کی مثال’

انڈیا کے معروف گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے جمعے کے روز بنگلورو میں منعقدہ اپنے ایک کانسرٹ میں لوگوں کو حیران کر دیا جب انھوں نے اداکارہ دیپکا پاڈوکون کا منفرد انداز میں تعارف کرایا۔
دپیکا ماضی میں اپنے ایک انٹرویو میں بتا چکی ہیں کہ انھیں دلجیت کا ’تیرا نی میں لور‘ گانا بہت پسند ہے اور شاید اسی لیے دلجیت نے ان کا سٹیج پر استقبال بھی اسی گانے سے کیا جس سے وہ بظاہر بہت محظوظ ہوئیں۔
دلجیت نے اپنے انسٹاگرام پر اس پروگرام کی جھلکی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئین دپیکا پاڈوکون کا دل لومیناٹی-24 کے ٹوئر کے تحت بنگلور میں استقبال ہے۔
'کیا آپ لوگ یقین کر سکتے ہیں کہ دیپکا پاڈوکون ہمارے ساتھ ہیں؟ انھوں کا شاندار کریئر رہا ہے اور ہم سب نے انھیں بڑے پردے پر دیکھا ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں انھیں اتنے قریب سے دیکھوں گا۔ وہ انتہائی خوبصورت ہیں اور انھوں نے بالی وڈ میں اپنی جگہ صرف اپنی محنت سے بنائی ہے۔ ہم سب کو ان پر بہت فخر ہے۔'
اس کے بعد سے دیپکا پاڈوکون سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہیں اور ان کے پرستار ان کی سادگی اور حسن کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔
خیال رہے کہ دپیکا کی سٹیج پر آمد سے لوگ حیران اس لیے بھی ہیں کہ اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد سے وہ عوامی سطح پر پہلی بار کہیں نظر آئی ہیں۔ اس سے قبل وہ فلم سنگھم ریٹرنز میں نظر آئی تھیں۔
بیٹی کی پیدائش
ان کے ہاں آٹھ ستمبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی اور ہندوؤں کے معروف تہوار دیوالی کے موقعے پر دپیکا اور ان کے شوہر اداکار رنبیر سنگھ نے بچی کی پہلی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انھوں نے 'اپنی بیٹی کا نام ’دعا‘ رکھا ہے کیونکہ یہ ان کی منتوں مرادوں اور دعاؤں کا ثمر ہیں۔ ہمارا دل محبت اور شکر کے جذبات سے لبریز ہے۔‘
بیٹی کی پیدائش کے بعد جہاں دپیکا کے پرستاروں نے انھیں مبارکباد پیش کی، وہیں بالی وڈ کے ساتھی فنکاروں نے بھی اظہار تہنیت کیا تھا۔ پرینکا چوپڑہ سے لے کر کرینہ کپور اور مسابہ گپتا سے لے کر ارجن کپور تک سب نے انھیں مبارکباد دی اور بچی دعا پاڈوکون سنگھ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بہر حال جمعے کو دلجیت دوسانجھ نے دیپکا کو مختلف انداز میں سٹیج پر دعوت دی۔
دلجیت نے دیپکا کی سکن کیئر پروڈکٹ اپنے ہاتھ میں اٹھائی اور اپنے کنسرٹ میں حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ اس برانڈ کی تشہیر نہیں کر رہے ہیں۔'
اور پھر انھوں نے کہا کہ 'میں آپ کو اپنی خوبصورتی کا راز بتاتا ہوں۔ میں اس پراڈکٹ سے اپنا چہرہ دھوتا ہوں۔ یہ اشتہار نہیں ہے۔ مجھے کسی نے پیسے نہیں دیے۔ جس نے یہ بتایا ہے وہ آپ کے شہر کا فخر ہیں۔'
جب وہ یہ باتیں کر رہے تھے، دیپکا کو ان کے مخصوص انداز میں خوشی اور حیرت کے ملے جلے تاثرات کے ساتھ بیک سٹیج پر دیکھا جا سکتا تھا۔
واضح رہے کہ فلموں میں آنے سے پہلے دیپکا پاڈوکون بنگلور میں ہی پلی بڑھیں اور پھر انھوں نے شاہ رخ خان کی فلم 'اوم شانتی اوم' سے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔
بنگلور کے سامعین جو دلجیت کو دیکھنے اور سننے آئے تھے ان کے لیے یہ دوہرا تحفہ تھا۔ دیپکا نے دلجیت کے ساتھ ان کے معروف گیت ہاس ہاس پر رقص کیا اور اس دوران انھیں مقامی کنّڑ زبان میں ایک دو جملے بھی سکھائے۔
دلجیت نے ناظرین سے کہا کہ اب تک انھوں نے دیپکا کو صرف بڑے پردے پر دیکھا تھا اور ’آج اتنے قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ وہ کتنی خوبصورت ہیں! انھوں نے اپنی محنت سے اپنا مقام بنایا ہے۔ آپ کو ان پر فخر ہونا چاہیے، ہم سب کو ان پر ناز ہے۔‘
دلجیت دوسانجھ اپنی فلموں اور عالمی سطح پر اپنے کنسرٹ کی وجہ سے ان دنوں اپنی مقبولیت کی بلندیوں پر ہیں۔ گذشتہ سال انھوں نے جب کوچیلا میوزک ویلی اینڈ آرٹ فیسٹیول میں پرفارم کیا تو وہ انڈیا کے پہلے فنکار تھے جنھیں یہ اعزاز ملا تھا۔
ان کے کنسرٹ دنیا بھر میں ہو رہے ہیں اور انڈیا کے مختلف شہروں میں وہ بہت زیادہ مقبول ہیں۔
سوشل میڈیا پر تعریف
سوشل میڈیا پر لوگ جہاں اس کنسرٹ کی تصاویر اور ویڈیو کلپس شیئر کر رہے ہیں، وہیں وہ دیپکا کے حسن اور سادگی کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔
دیپکا سٹیج پر سفید ٹی شرٹ اور ڈینم ٹراؤزر میں انتہائی کیزول نظر آ رہی ہیں۔ انیمیش نامی ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’دلجیت دوسانجھ کا بنگلور میں شو، ان کی توانائی انفیکشس ہے۔ کیا شاندار فنکار ہیں، زبان تعریف کرنے سے قاصر ہے۔ اور پھر دیپکا سٹیج پر ان کے ساتھ آتی ہیں، یہ تو سونے پر سہاگہ ہے۔‘
بہت سے لوگوں نے دیپکا کی تصویر کے ساتھ لکھا 'خوش و خرم ماں۔' جبکہ بہت سوں نے لکھا کہ 'میری نظریں تو ان کے چہرے سے ہٹ ہی نہیں رہی ہیں۔ ان کو اتنا خوش دیکھ کر مجھے مزید خوشی ہو رہی ہے۔'
ایک صارف نے لکھا کہ وہ ہر جگہ پہنچ جاتی ہیں۔ پہلے وہ میری پسندیدہ تھیں، لیکن اب نہیں۔ ان کا اشارہ شاید دیپکا کے دہلی میں جواہر لعل نہرو کے طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وہاں پہنچنے کی طرف تھا۔ ایک حلقہ دیپکا پاڈوکون کو اس کے بعد سے ناپسند کرتا ہے۔
فلم فیئر نے دلجیت کے کنسرٹ کا ایک کلپ شیئر کرتے ہوئے 'مما میاں' لکھا جو دیپکا پاڈوکون کے بیٹی کی پیدائش کے بعد کا نیا تعارف ہے۔