افواج پاکستان کی توہین پر مزاح نگار انور مقصود کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی
انور مقصود کے خلاف تھانہ مزنگ میں درخواست
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مشہور ٹی وی اینکر اور مزاح نگار انور مقصود کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ مزنگ میں جمع کروا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے بشریٰ بی بی کے بیان کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا
درخواست گزار کا مؤقف
یہ درخواست ایڈووکیٹ سپریم کورٹ میاں محمد رؤف کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے اپنے آفس میں بیٹھے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ دیکھی، جس میں انور مقصود نے کہا تھا کہ وہ پاکستان نیوی کے افسران کو غیرت مند سمجھتے ہیں جو ڈوب کر مر جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور حکومت دونوں بات چیت کرنے کو تیار نہیں، مفتاح اسماعیل
مؤقف کا پس منظر
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ انور مقصود کے اس بیان سے افواج پاکستان کی توہین کی گئی ہے، جنہوں نے دن رات وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔ اس بیان نے نہ صرف ان ہزاروں شہداء کے خاندانوں کی توہین کی ہے جن کے بیٹے مادر وطن پر قربان ہو چکے ہیں، بلکہ عام پاکستانی بھی اس بیان سے دل برداشتہ اور شدید غم و غصے میں ہیں۔
قانونی کارروائی کی درخواست
درخواست میں کہا گیا ہے کہ انور مقصود نے نہ صرف افواج پاکستان کی توہین کی بلکہ شہادت جیسے عظیم مرتبے کا بھی مذاق اڑاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر کے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ درخواست گزار نے اپیل کی ہے کہ انور مقصود کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے سخت سزا دی جائے۔