زرمبادلہ کے ذخائر 23 ملین ڈالر اضافے کے بعد 15.74 ارب ڈالر ہوگئے

زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ
کراچی (آئی این پی) زر مبادلہ کے ذخائر 23 ملین ڈالر اضافے کے بعد 15.74 ارب ڈالر ہوگئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 4 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں سٹیٹ بینک کے پاس زر مبادلہ کے ذخائر 10.69 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.05 ارب ڈالر ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: گھریلو ملازمہ گھر سے 20 لاکھ روپے اور 20 تولے سونا چرا کر فرار
زیرگردش کرنسی کا حجم
گزشتہ ہفتے کے دوران زر مبادلہ کے ذخائر میں 23 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ دوسری جانب زیرگردش کرنسی، زروسیع اور بینکوں کے کھاتوں میں ہفتہ وار بنیاد پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق 28 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں زیرگردش کرنسی کا حجم 10157 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 3.1 فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتے میں زیرگردش کرنسی کا حجم 9852 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اور جاری مالی سال کے آغاز سے لیکر اب تک زیرگردش کرنسی کے حجم میں مجموعی طور پر 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنگلی جانوروں نے اسلام آباد کا رخ کر لیا، ججز کالونی میں بندروں کے ڈیرے
زروسیع (ایم ٹو) کا حجم
اعداد و شمار کے مطابق 28 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں زروسیع (ایم ٹو) کا حجم 37375 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 3 فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتے میں زروسیع کا حجم 36299 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اور جاری مالی سال کے آغاز سے لیکر اب تک زروسیع میں مجموعی طور پر 4.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بینکوں کے کھاتوں کا حجم
سٹیٹ بینک کے مطابق 28 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں بینکوں کے کھاتوں کا حجم 27148 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 2.9 فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتے کے اختتام پر بینکوں کے کھاتوں کا حجم 26393 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، اور جاری مالی سال کے آغاز سے لیکر اب تک بینکوں کے کھاتوں میں مجموعی طور پر 1.8 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی。