امن و امان کے قیام کیلئے پنجاب حکومت نے اہم قدم اٹھا لیا

پنجاب حکومت کا اہم اقدام
لاہور ( طیبہ بخاری سے )امن و امان کے قیام کیلئے پنجاب حکومت نے اہم قدم اٹھا لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 میچ؛پاکستان کا زمبابوے کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ
عوامی رابطہ کمیٹیوں کا قیام
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں عوامی رابطہ کمیٹیوں کے قیام کی ہدایت کر دی ہے۔ پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو تھانے کی سطح تک عوامی رابطہ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ معاشرے کے نمائندہ افراد اور حکومتی عہدیداروں پر مشتمل کمیٹیاں تھانے کی سطح پر تشکیل دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حافظ آباد میں اہم ملاقاتیں اور ہدایات
کمیٹیوں کے فوائد
عوامی رابطہ کمیٹیاں کمیونٹی واچ ڈاگ کا کام کریں گی اور کمیٹی ممبرز کسی بھی خطرے کی بروقت نشاندھی اور مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں گے۔ کمیٹی شہریوں اور پولیس کے درمیان معلومات کے تبادلے کیلئے پل کا کام کریں گی۔ عوامی رابطہ کمیٹیاں مذہبی تقریبات، عوامی اجتماعات، یا ہنگامی حالات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ماضی کو نہیں سوچتا، سب کو اچھی طرح معلوم ہے کیا ہورہا ہے کیا نہیں: محمد رضوان
شہری بیداری کا فروغ
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ عوامی رابطہ کمیٹیاں مقامی سطح پر شہری بیداری کو فروغ دیں گی۔ پبلک لائزان کمیٹیوں (PLC) کے قیام سے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین اعتماد میں اضافہ ہوگا اور یہ کمیٹیاں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے نمٹنے میں معاون ہونگی۔ محکمہ داخلہ نے عوامی رابطہ کمیٹیوں کی ساخت اور فرائض بارے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اساتذہ سراپا احتجاج، خیبرپختونخوا کے پرائمری سکول بند کردیئے گئے
کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل
جاری کردہ ہدایات کے مطابق پہلے مرحلے میں فوری طور پر ہر تھانے کی سطح پر عوامی رابطہ کمیٹیاں قائم ہوں گی۔ دوسرے مرحلے میں 3 ماہ کے اندر محلے اور وارڈ کی سطح تک کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا۔ ہر عوامی رابطہ کمیٹی میں متعلقہ تھانیدار، مقامی معززین جیساکہ نامور بزرگ، تاجر، منتخب نمائندے اور مذہبی رہنما شامل ہونگے۔ عوامی رابطہ کمیٹی میں قابلِ اعتماد نوجوانوں اور مقامی سماجی کارکنوں کو بھی شامل کیا جائیگا۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور SDPO مشترکہ طور پر کمیٹی کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران اور بشریٰ کی ناکام بغاوت کے تمام ثبوت سامنے آگئے: عظمیٰ بخاری
ضلعی رابطہ کمیٹیوں کا کردار
یاد رہے کہ ہر تھانے کی حدود میں قائم عوامی رابطہ کمیٹی متعلقہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے ماتحت کام کریگی۔ اس طرح سب ڈویژنز کی ماہانہ پیشرفت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں میں زیر بحث آئے گی اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں ہر ماہ کی پیشرفت صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی، محکمہ داخلہ کو بھجوائیں گی۔ محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں ترجیحی بنیادوں پر کمیٹیوں کی تشکیل کی ہدایت کی ہے جس کیلئے 20 اپریل کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
کمیٹیوں کی فعالی کی آخری تاریخ
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ 20 اپریل تک کمیٹیوں کو فعال کر کے ممبران کی تفصیل اور مستقبل کا لائحہ عمل محکمہ داخلہ کو بھجوایا جائے۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب، تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور سی سی پی او، لاہور کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب تمام عوامی رابطہ کمیٹیوں کی ماہانہ کاکردگی کا جائزہ لے گا。