پنجاب پبلک سروس کمیشن نے گزشتہ سال مختلف کوٹہ پر بھرتیوں کی تفصیل جاری کر دی

پنجاب پبلک سروس کمیشن کی بھرتیوں کی تفصیل
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب پبلک سروس کمیشن نے گزشتہ سال میں مختلف کوٹہ پر بھرتیوں کی تفصیل جاری کی ہے جس میں پنجاب حکومت کے 23 محکمہ جات کی 683 مختلف اسامیوں پر خواتین، مینارٹی اور سپیشل پرسن کوٹہ پر بھرتی کیا گیا ہے.
یہ بھی پڑھیں: نواز، زرداری کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس سپیشل جج سینٹرل کو بھیجنے کا فیصلہ
سال 2024 میں بھرتیوں کا اشتہار
ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق سال 2024 میں خواتین کی 592 اسامیوں کا اشتہار دیا گیا جس میں 351 اسامیوں پر خواتین کوٹہ پر بھرتی کیا گیا. اسی طرح مینارٹی کوٹہ کی 397 اسامیوں کا اشتہار دیا گیا جس میں 235 امیدوار سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے. گزشتہ سال میں اسپیشل پرسن کوٹہ کی 284 اسامیوں کا اشتہار دیا گیا جس میں 97 امیدوار سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے. خواتین، مینارٹی اور سپیشل پرسن کوٹہ میں سب سے زیادہ اسامیاں محکمہ ہیلتھ، محکمہ ایریگیشن اور محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی تھیں.
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل بن گئے
محکمہ جات میں بھرتیاں
تفصیلات کے مطابق اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں 32 اسامیوں پر خواتین، 152 آسامیوں پر مینارٹی، اور 5 اسامیوں پر اسپیشل پرسن کی بھرتی کی سفارشات کی گئی. اسی طرح محکمہ ایریگیشن میں 103 خواتین کو کوٹا پر بھرتی کیا گیا جبکہ 7 کو مینارٹی اور 10 کو سپیشل پرسن کوٹہ پر بھرتی کیا گیا. محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں 84 امیدواروں کو خواتین، مینارٹی کوٹہ اور سپیشل پرسن کوٹہ پر بھرتی کیا گیا ہے. محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں 78 امیدواروں کوٹہ پر بھرتی کیا گیا.
مجموعی بھرتیاں
پبلک سروس کمیشن کی جانب سے گزشتہ سال میں 7 ہزار 458 امیدواروں کی بھرتی کی سفارش کی گئی جس میں 683 امیدواروں کو مختلف کوٹہ پر بھرتی کیا گیا ہے. اس کے علاوہ خواتین، مینارٹی اور سپیشل پرسن امیدواروں نے اوپن میرٹ پر بھی مختلف اسامیوں پر کامیابی حاصل کی ہے. 314 نان مسلم امیدوار اوپن میرٹ پر بھی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے. 3932 خواتین امیدواروں نے اوپن میرٹ پر کامیابی حاصل کی ہے. اسی طرح سپیشل پرسن نے اوپن میرٹ کی 28 اسامیوں پر کامیابی حاصل کی.