امارات نے امریکہ کے ساتھ مل کر یمن میں فوجی کارروائی کی تردید کردی

متحدہ عرب امارات کی تردید
ابو ظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یو اے ای امریکہ کے ساتھ یمن میں حوثیوں کے خلاف زمینی کارروائی کے منصوبوں پر بات چیت کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسیرانِ محبت کو رہائی تنگ کرتی ہے۔۔۔۔.
یو اے ای کی وزیر کی وضاحت
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی اسسٹنٹ وزیر برائے سیاسی امور لانا نصیبہ نے ان خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ "بے بنیاد اور جھوٹی خبروں میں سے یہ خبر بلاشبہ ’ہفتے کی سب سے گمراہ کن خبر‘ کا اعزاز جیتنے کی اہل ہے۔"
انسانی حقوق کے حوالے سے قرارداد
واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں یو اے ای نے عرب گروپ کی جانب سے انسانی حقوق کونسل کے 57ویں اجلاس کے اختتام پر یمنی عوام کی انسانی ضروریات سے متعلق ایک قرارداد پیش کی تھی جسے اتفاقِ رائے سے منظور کیا گیا تھا۔ اس قرارداد میں یمنی حکومت کو انسانی حقوق کی ذمہ داریاں ادا کرنے، ترقیاتی اور انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے ضروری معاونت فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ ساتھ ہی امدادی سامان اور انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ قرارداد میں یمن میں جاری تنازع کے خاتمے اور پرامن سیاسی مذاکرات کے آغاز پر بھی زور دیا گیا تھا تاکہ ملک میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔