ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور کئی مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ،گلگت بلتستان،بالائی خیبرپختونخوا میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپنا کماؤ ……اپنا کھاؤ“ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تاریخ رقم کر دی، پنجاب میں 90 روز میں 57913 نئے کاروبار شروع ہونے کا ریکارڈ بن گیا
اسلام آباد اور گردونواح کا موسم
اتوار کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے موسم کاحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور باجوڑ میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور افغانستان میں آئندہ ہفتے زلزلے کا امکان، شدت 5.4 ہو سکتی ہے: شہباز لغاری
پنجاب کا حال
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کی امید ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم جوڈیشل کونسل؛ ججز کیخلاف شکایات نمٹانے پر اُن کے نام پبلک نہ کرنے کا فیصلہ
بلوچستان اور سندھ کا موسم
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، علاوہ ازیں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ تیز ہواؤں کا چلنے کا بھی امکان ہے۔
گلگت بلتستان کی صورتحال
گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ دوسری جانب آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد 45، بہاولنگر، دادو، پڈ عیدین، موہنجو دڑو اور میٹھی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔








