پنچائت میں سچے کو سچا اور جھوٹے کو جھوٹا کہنے کے عادی ہیں، برادری ازم، معاشی اور معاشرتی ناہمواریوں کی نفی کرتے انسانیت کے قدر دان ہیں

مصنف: رانا امیر احمد خاں
قسط: 17
رانا امیر احمد خاں کی شخصیت اور کارکردگی
روایت کے مطابق اجلاس میں ایک شخص نے دوسرے آدمی کے اخلاق و کردار کی تعریف کی تو مجلس کے امیر نے پوچھا کہ کیا آپ نے اس کے ساتھ کبھی رہائش اختیار کی ہے؟ کبھی لین دین کیا ہے؟ اور کبھی سفر اختیار کیا ہے؟ تعریف کرنے والے شخص نے نفی میں جواب دیا۔ تو پھر آپ نے یہ کیسے جان لیا کہ وہ حسن کردار کا مالک ہے؟
معزز خواتین و حضرات! رانا امیر احمد خاں کے ساتھ کوئی لین دین کا معاملہ کرنے کا تو موقع نہیں ملا، البتہ اْن کے ساتھ رہائش رکھنے اور شریک سفر ہونے کے مواقع متعدد بار ملے ہیں۔ ان 2 وجوہات کی بناء پر میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ رانا امیر احمد خاں کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں۔
حقوق اللہ و حقوق العباد کی پاسداری
وہ حقوق اللہ و حقوق العباد کے نہ صرف زبردست حامی ہیں بلکہ اْن کی ادائیگی کو بھی دل و جان سے زیادہ عزیز اور فرض عین سمجھتے ہیں۔ ایثار و قربانی کے پیکر ہیں۔ دوست احباب کی ضروریات کا خیال رکھنے والے ہیں۔
سوشل شرکت اور مشاورت
دوستوں کی خوشی و غمی میں ہمیشہ شرکت کرتے ہیں۔ مشاورت کے لئے رابطہ کرنے والوں کو اپنا محسن تصور کرتے ہیں۔ پنچائت میں سچے کو سچا اور جھوٹے کو جھوٹا کہنے کے عادی ہیں۔
عصری مسائل کے حل کی کوششیں
فیصل آباد میں ان کی تعیناتی بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن کے عرصہ کے دوران متعدد بار محکمانہ میٹنگوں، مجالس، سیمیناروں اور نجی محفلوں میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہدہ میں آیا کہ اْن کو محکمانہ کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ وطن سے جہالت، غربت، کرپشن، بے روزگاری، طبقاتی کشمکش، بے انصافی اور غیر مناسب رویوں کو دور کرنے کی فکر رہتی ہے۔
رفاہی انجمن کی تشکیل
اس مشن کی تکمیل کے لیے انہوں نے چند محب وطن، مخیر، سنجیدہ اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو کر کام کرنے والے احباب سے مشاورت کے بعد سٹیزن کونسل آف پاکستان کے نام سے ایک رفاہی انجمن 7 سال قبل 2006ء میں تشکیل دی۔
کونسل کے مقاصد
یہ ایک غیر سیاسی تنظیم ہے، اراکین نے متفقہ طور پر رانا امیر احمد خاں کی سماجی، قانونی، معاشرتی بے لوث گرانقدر خدمات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انہیں صدر منتخب کیا اور ممتاز قانون دان ڈاکٹر ظفر علی راجا کو اْن کی ادبی، قانونی خدمات کے پیش نظر جنرل سیکرٹری منتخب کیا۔
بطور تھنک ٹینک یہ کونسل ملک کو درپیش مختلف مسائل کا حل تلاش کر کے حکمرانوں کو اصلاح احوال کے لئے باقاعدگی سے ارسال کر رہی ہے۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب "بک ہوم" نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں) اداریے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔