پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں مرد اداکاروں کے ساتھ بھی جنسی ہراسانی کے واقعات، تاریک پہلو سامنے آگیا

پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں ہراسانی کے واقعات
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں مرد اداکاروں کے ساتھ بھی جنسی ہراسانی کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار احمد رفیق نے اپنے انٹرویو میں شوبز کی دنیا کا تاریک پہلو سب کے سامنے رکھ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (جمعرات) کا دن کیسا رہے گا؟
احمد رفیق کا انکشاف
ایکسپریس کے مطابق اپنے انٹرویو کے دوران احمد رفیق نے اپنے ساتھ ہراسانی کے واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود ایک بڑے سیٹ پر جنسی ہراسانی کا شکار ہوچکے ہیں، اور یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں تھے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ صرف انیس سال کے تھے جب ان کے ساتھ یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ انھوں نے کہا کہ جب میرے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا تو میں دو دن تک سُن ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد موٹروے پر شوہر کے سامنے بیوی سے زیادتی کرنے والا ڈاکو پولیس مقابلے میں مارا گیا
صدمے کی کیفیت
احمد رفیق اور اُن کی ساتھی اداکارہ حنا طارق نے فوشیا کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنے ڈرامے، اداکاری سے محبت اور شوبز میں موجود طاقت کی سیاست پر گفتگو کی۔ بات چیت کے دوران احمد نے کھل کر کہا کہ نئے فنکار جب انڈسٹری میں آتے ہیں تو اکثر طاقتور شخصیات کے ہاتھوں ہراسانی کا سامنا کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب وہ خود ایک ایسے واقعے کا شکار ہوئے تو وہ دو دن تک صدمے کی کیفیت میں رہے، انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا کریں اور کیسے ردعمل دیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایک حساس پہلو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تب انہیں اندازہ ہوا کہ خواتین کو ایسی صورتحال میں کیسا محسوس ہوتا ہوگا۔
کیریئر کا نقصان اور خاموشی
احمد نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اگر کوئی فنکار ایسے رویے کے خلاف آواز بلند کرے تو اس کے کیریئر کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، کیونکہ انڈسٹری میں ایسے بااثر لوگ موجود ہیں جو انتقامی کارروائی کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر لوگ خاموشی اختیار کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور اپنی عزت نفس یا کیریئر میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرد بھی اس قسم کی ہراسانی کا نشانہ بنتے ہیں مگر وہ عموماً اس بارے میں بات نہیں کرتے، جس سے مسئلہ مزید گہرا ہو جاتا ہے۔ ان کی ساتھی اداکارہ حنا طارق نے بھی گفتگو میں کہا کہ ایسے افراد کو فوری اور دوٹوک جواب دینا چاہیے، اور نئے آنے والے فنکاروں کو اتنا اعتماد ہونا چاہیے کہ وہ خود کے لیے کھڑے ہو سکیں۔