لاہور کو ای سی او ٹورازم کیپٹل 2027 کا اعزاز مل گیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز کا پیغام تشکر

تاریخی لمحہ لاہور کے لیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور پنجاب کے لیے قابلِ فخر اور تاریخی لمحہ، لاہور کے لیے ای سی او "ٹورازم کیپٹل 2027" کا اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کا حکم
وزیر اعلیٰ کا پیغام
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام تشکر کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ترکیہ کے شہر ارضروم میں 6ویں ای سی او ٹورازم وزارتی اجلاس میں تاریخی ورثے اور محبتوں کے شہر لاہور کو "ٹورازم کیپٹل 2027" قرار دے دیا گیا ہے۔ شاندار تاریخی ورثے، رنگا رنگ ثقافت اور بے پناہ صلاحیتوں کے ساتھ، لاہور دنیا کے استقبال کے لیے تیار ہے۔
لاہور کی عالمی حیثیت
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ ای سی او ٹورازم کیپٹل 2027 کی حیثیت سے لاہور عالمی منظرنامے پر روشن مرکز ہونے جا رہا ہے۔ لاہور کو ٹورازم کیپٹل 2027 منتخب کرنے پر ای سی او ممالک کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ای سی او کے اعتماد، حمایت اور تعاون کے ساتھ ہم پاکستان، پنجاب اور لاہور کے حسن کو دنیا کے سامنے لے کر آئیں گے۔