حنا پرویز بٹ وہاڑی پہنچ گئیں، عدالت میں فائرنگ سے زخمی خاتون اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی
حنا پرویز بٹ کا وہاڑی کا خصوصی دورہ
وہاڑی (ڈیلی پاکستان آن لائن): پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن و رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے وہاڑی کا خصوصی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے سابقہ بیوی کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بنانے والے زخمی پولیس اہلکاروں اور متاثرہ خاتون رمشاء شہزادی سے ملاقات کی، جو حالیہ فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں شدید زخمی ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے عہدے کا چارج سنبھال لیا
زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت
اس موقع پر چیئرپرسن نے میلسی میں دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے پولیس کانسٹیبلز محمد ظہور (C/1180) اور بلال حسین (C/990) کی عیادت بھی کی، جو رمشاء شہزادی کی حفاظت کے دوران حملے کا نشانہ بنے۔ حنا پرویز بٹ نے خاتون کی جان بچانے پر اور پولیس کی اس بروقت کاروائی پر شاباش دی۔
یہ بھی پڑھیں: اپنے اختیار کردہ روئیے کے باعث ندامت وپشیمانی محسوس کرنے کے بجائے یہ عزم و ارادہ کریں کہ آپ وہ غلطی دوبارہ نہیں کریں گے جو آپ کر چکے
واقعے کا پس منظر
ملزم طارق کی بیوی رمشاء شہزادی نے اپنے خاوند کے خلاف تنسیخ نکاح کا کیس کر رکھا تھا اور دارالامان وہاڑی میں مقیم تھی۔ ملزم طارق نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میلسی عدالت پیشی کے موقع پر بیوی کو قتل کرنے کی نیت سے فائرنگ کی جسے پولیس جوانوں نے ناکام بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہریز نے اپنے بچوں کے ساتھ اندرون لاہور میں بسنت منائی
خواتین کے تحفظ کی یقین دہانی
حنا پرویز بٹ نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق خواتین پر تشدد یا ان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خواتین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو انصاف کی فراہمی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
ڈی پی او کا بیان
اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی محمد افضل کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق خواتین ہماری ریڈ لائن ہیں اور ان سے متعلق جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ خواتین کو کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ 15 یا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ذریعے اطلاع دے سکتی ہیں جس پر فوری طور پر رسپانس دیا جائے گا۔








