بجلی صارفین کے لیے بڑی خبر، ہر صارف خود بل بنوا سکے گا، اویس لغاری نے صارفین کو بڑی خوشخبری سنادی۔

بجلی صارفین کے لئے بڑی خبر
ملتان (آئی این پی) وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی صارفین کو بڑی خبر سنادی اورکہا ہر صارف خود بل بنوا سکے گا۔ وفاقی وزیر توانائی سرداراویس لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے معیشت کوتباہ کیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دورمیں گردشی قرضے میں 1500 ارب اضافہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 1400 سے زائد وٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کا انکشاف
بجلی کی قیمتوں میں کمی
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ہم نے 3 ہزار 600 ارب روپے سیٹھوں سے نکال کر بجلی کی قیمتیں کم کیں۔ وزیراعظم نے کہا اگر مالکان میں میرا رشتہ داری یا دوست بھی ہو تو اسے نہ چھوڑنا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کمپنیوں نے 160 ارب روپے کی بچت کی ہے۔ ایک سے 2 ہفتے کے اندر میٹر ریڈر سے آپ کو آزاد کرنے جا رہے ہیں، ہر صارف اپنے فون سے میٹر کی تصویر بنا کر ایس ڈی او کو بھیج کر بل بنوا سکے گا۔
ریلیف کا وعدہ
یاد رہے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بجلی کی قیمتیں مزید کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا کہا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت بجلی کی قیمت میں مزید ریلیف دے گی اور بجلی کی قیمت میں مزید 7 سے 8 روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو 15 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، کسانوں کو سستی کھاد کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ حکومت گندم کاشت کرنے والے زمینداروں کی بہتری کے لئے کوشاں ہے اور ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔