لاہور: ایک ہی رات میں 3 پولیس مقابلوں میں زیر حراست ملزمان ہلاک

تازہ ترین خبریں
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی جانب سے ایک ہی رات میں تین مبینہ پولیس مقابلوں میں زیرِ حراست ملزمان کو مار دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں مقابلے رات کے پچھلے پہر مختلف مقامات پر پیش آئے اور حیران کن طور پر تمام مقابلوں کی کہانی ایک جیسی بیان کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے زمبابوے کیخلاف دوسرے دن ڈے کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا
مبینہ پولیس مقابلے کی تفصیلات
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق پہلا مبینہ مقابلہ رات ایک بجے شفیق آباد کے ویرانے میں ہوا، جہاں سی سی ڈی کے مطابق مبینہ ڈاکو اظہر پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ دوسرا مقابلہ رات ڈیڑھ بجے چوہنگ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مبینہ ملزم شہزاد کو ہلاک کر دیا گیا۔ تیسرا مقابلہ رات دو بجے نشتر کالونی میں پیش آیا، جس میں مبینہ ملزم ارشد مارا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، سرمایہ کاروں کا جوش و خروش بڑھ گیا
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مؤقف
دلچسپ امر یہ ہے کہ تینوں مارے جانے والے ملزمان جسمانی ریمانڈ پر سی سی ڈی کی تحویل میں تھے اور انہیں وقفے وقفے سے ایک ہی رات میں "مقابلوں" میں مارا گیا۔ تینوں واقعات میں پولیس کا مؤقف یہ رہا کہ ملزمان کو ان کے ساتھیوں نے چھڑوانے کی کوشش کی، جس دوران یہ جھڑپیں ہوئیں۔
پولیس کی کارروائیاں اور حفاظتی مؤقف
ذرائع کے مطابق ان تمام مقابلوں میں کسی پولیس اہلکار کو خراش تک نہیں آئی۔ پولیس حکام نے ہر بار یہی دعویٰ کیا کہ مزاحمت پر حفاظت خود اختیاری کے تحت کارروائی کی گئی۔ ایس پی سی سی ڈی آفتاب پھلروان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے اور مزاحمت کرنے والے ڈاکوؤں کو ہلاک کیا گیا۔