ڈسٹرکٹ جیل خانیوال میں اختیار سے تجاوز، بدانتظامی اور نااہلی پر 4 افسران معطل

محکمہ داخلہ پنجاب میں افسران کی معطلی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب میں میرٹ کی بالادستی کے تحت، سیکرٹری داخلہ پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ جیل خانیوال میں اختیار سے تجاوز، بدانتظامی اور نااہلی پر 4 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطل ہونے والوں میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ جیل خانیوال ارشد حسین، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل شہزاد، ہیڈ وارڈر مظہر اور انچارج ہیڈ وارڈر شفیق شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی مقدمات: عمر ایوب، اسد عمر اور دیگر رہنماؤں کو 30 اکتوبر تک پیش ہونے کا حکم
تادیبی کارروائی کا آغاز
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی محکمہ داخلہ کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کی رپورٹ پر کی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کی ٹیمیں مختلف جیلوں کی انسپکشن کر رہی ہیں۔ اس سے قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام جیلوں میں انتظام و انصرام کیلئے قواعد و ضوابط جاری کیے تھے۔
پیڈا کے تحت کارروائی
محکمہ داخلہ پنجاب نے مذکورہ افسران کی معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پیڈا کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ چاروں افسران کو انسپکٹریٹ آف پریزن پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔