پہلگام حملہ، مودی نے بھارتی افواج کو کارروائی کیلئے فری ہینڈ دے دیا، فالس فلیگ آپریشن کا خطرہ

پہلگام حملے کے بعد بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے امکانات
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پہلگام حملے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے امکانات میں اضافہ ہوگیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج کو مکمل آپریشنل آزادی حاصل ہے، وہ اپنی مرضی سے وقت، ہدف اور کارروائی کا طریقہ طے کرسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں وینٹی لیٹر پر موجود بیمار ایئرہوسٹس کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا
بھارتی دعویٰ اور میڈیا کی مہم
واضح رہے کہ بھارت کی طرف سے پہلگام حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حملہ ہوتے ہی بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا مہم چلا کر عوامی رائے ہموار کرنی شروع کردی۔ مودی سرکار نے بھی بنا کسی ثبوت کے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کردیا۔ پاکستان متعدد بار واضح کرچکا ہے کہ مودی سرکار اپنے سیاسی فائدے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کرسکتی ہے لیکن پاکستان ہر قسم کی کارروائی کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کلینک آن ویل اینڈ فیلڈ ہاسپٹل، 148دن میں کتنے لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا ۔۔؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں
وزیر اعظم کا سیکیورٹی اجلاس
نیوز 18 کے مطابق یہ اجلاس وزیر اعظم مودی کی رہائش گاہ 7 لوک کلیان مارگ پر ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ جاری رہا، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان، ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ، آرمی چیف جنرل اوپندر دویودی اور نیوی چیف ایڈمرل دنیش کے تریپاٹھی شریک ہوئے۔
مزید سیکیورٹی اجلاس
اس سے قبل آج دن میں یونین ہوم سیکریٹری گووند موہن نے بھی ایک اہم سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی، جس میں بارڈر سیکیورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل دلیجیت سنگھ چوہدری، نیشنل سیکیورٹی گارڈ کے ڈی جی بریگھو سرینی واسن، اور آسام رائفلز کے لیفٹیننٹ جنرل وکاس لیکھیرا سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ سشستر سیما بل کی ایڈیشنل ڈی جی انوپما نیلکر چندرا بھی اس اجلاس میں موجود تھیں۔