بھارتی گانے نشر کرنے پر پابندی، پاکستانی ریڈیو سٹیشنز کا بڑا اقدام، وزارت اطلاعات و نشریات کا خیرمقدم

وزارت اطلاعات کا اقدام
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستانی ایف ایم ریڈیو سٹیشنز پر بھارتی گانے نشر نہ کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کا اصولی اور قومی جذبات سے ہم آہنگ اقدام قرار دیا ہے۔ وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ موجودہ غیر یقینی صورتِ حال کے پیش نظر یہ محبِ وطن قدم پوری قوم کے اجتماعی احساسات کی عکاسی کرتا ہے اور قومی یکجہتی کے مظہر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ
وفاقی وزیر کی رائے
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی بی اے کی یہ پہل خودمختارانہ ہے اور اس سے قومی وقار اور خودمختاری کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے یہ پیغام جاتا ہے کہ پوری قوم ان مشکل حالات میں قومی اتحاد، یکجہتی اور بنیادی اقدار کے فروغ کے لیے متحد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے بعد بحیرہ عرب میں تعینات بھارتی بیڑہ ‘آئی این ایس وکرانت، اچانک واپس نیول اسٹیشن پہنچ گیا
میڈیا اداروں کی اہمیت
وزارت اطلاعات نے تمام میڈیا اداروں کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ادارے قومی مفاد میں کام کر رہے ہیں اور حکومت کے اتحاد، امن اور حب الوطن کو فروغ دینے کے اقدامات کا ساتھ دے رہے ہیں، ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔