افریقی باؤلر کگیسو ربادا کا منشیات کے استعمال کا اعتراف

کگیسو ربادا کا اعتراف
جوہانسبرگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی عبوری معطلی قبول کر لی ہے، جس کے باعث وہ رواں سال 3 اپریل کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 سے اچانک دستبردار ہو گئے تھے۔ اس وقت ان کی ٹیم گجرات ٹائٹنز نے یہ بیان دیا تھا کہ ربادا ایک "اہم ذاتی معاملے" کی وجہ سے وطن واپس جا رہے ہیں تاہم منشیات سے متعلق معاملے کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔
ایس اے 20 ٹورنامنٹ کے دوران واقعہ
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ واقعہ جنوری فروری میں کھیلے گئے جنوبی افریقہ کے ٹی 20 ٹورنامنٹ "ایس اے 20" کے دوران پیش آیا، جہاں ربادا نے ایم آئی کیپ ٹاؤن کی نمائندگی کی تھی۔ اگرچہ معطلی کی مدت کی آفیشل تصدیق نہیں کی گئی، لیکن ربادا بھارت واپس آ چکے ہیں اور جلد کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ 29 مارچ کے بعد سے کسی میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فخر زمان اور عمر اکمل جیسے کھلاڑیوں کو سائیڈ لائن کیا جائے تو ٹیم کی پرفارمنس ایسی ہی ہو گی، کامران اکمل کا پہلی شکست پر رد عمل
معذرت اور عزم کا اظہار
جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن (ایس اے سی اے) کے ذریعے جاری کردہ بیان میں ربادا نے اپنے اقدام پر معذرت کی اور کھیل کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس لمحے کو اپنی شناخت کا تعین نہیں بننے دیں گے اور ہمیشہ کی طرح محنت اور جوش کے ساتھ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ ربادا نے اپنے ایجنٹ، کرکٹ ساؤتھ افریقہ، گجرات ٹائٹنز، ایس اے سی اے اور اپنی قانونی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جبکہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کی محبت اور حمایت کو بھی سراہا۔
ایس اے سی اے اور ایڈی ریلیز
دوسری جانب ایس اے سی اے نے اس معاملے پر سوالات کے جوابات دینے سے انکار کر دیا ہے۔ جنوبی افریقی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی اگلے ہفتے کے اوائل میں اس حوالے سے باقاعدہ بیان جاری کرے گی۔ یہ عالمی ادارہ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کا رکن ہے، لہٰذا اس کی جانب سے دی گئی کسی بھی سزا کو عالمی باڈی کی توثیق درکار ہو گی۔