بھارت کی جنگی تیاریاں، 7 مئی کو ریاستوں میں فرضی مشقوں کا حکم، فضائی حملوں کے سائرن اور شہری تربیت کی ہدایت کردی گئی۔

بھارتی وزارت داخلہ کی نئی ہدایت
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی وزارت داخلہ نے پیر کے روز متعدد ریاستوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 7 مئی کو فرضی مشقیں (Mock Drills) انجام دیں تاکہ شہری دفاع کی تیاری کو مؤثر بنایا جا سکے۔ یہ اقدام بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر، کل نہیں سنایا جائے گا
مشکلات کی تیاری کے لئے ہدایات
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق وزارت نے ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فضائی حملوں کی صورت میں وارننگ سائرن بجانے کا نظام فعال کریں اور شہریوں کو ممکنہ حملے کی صورت میں تحفظ کی تربیت دیں۔ اس کے علاوہ ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے انخلائی منصوبوں، بجلی بند کرنے کی ہنگامی تدابیر (Crash Blackout Measures)، اور حساس تنصیبات و فیکٹریوں کو فوری طور پر چھپانے (Camouflaging) جیسے اقدامات کی مشقیں بھی کریں۔
پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال
خیال رہے کہ 22 اپریل کو ہونے والے پہلگام حملے کے بعد بھارت نے کوئی ثبوت فراہم کیے بغیر اس کا الزام پاکستان پر لگایا۔ پاکستان کی طرف سے بار ہا حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی گئی ہے لیکن مودی سرکار کے ذہن پر جنگ کا بھوت سوار ہے اور یہ حالیہ ہدایات اسی جنون کا ثبوت ہے۔