پنجاب میں تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ، سول ڈیفنس کے تمام عملے کو شہری دفاع کے لیے فیلڈ آپریشنز کا حکم

بھارت کا بزدلانہ حملہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پر بھارت کا بزدلانہ حملہ، محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت اور ہڑتالی اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب، پیر سے سکولز کھولنے کا اعلان
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور طبی عملے کو ڈیوٹی پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ شہری دفاع کیلئے 24/7 الرٹ رہیں۔ ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے تمام وسائل کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں ہنگامی صورتحال کے اعلان کیلئے سائرن اور وارننگ سسٹم ایکٹیویٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل بلایا گیا
شہری دفاع کیلئے اقدامات
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہری دفاع کیلئے شیلٹرز کے تعین اور انہیں فنکشنل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پنجاب پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سول ڈیفنس کے تمام عملے کو شہری دفاع کیلئے فیلڈ آپریشنز کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ مشرقی سرحد پر سنگین سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فورس کو متحرک کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: بیرون ملک جانے والے شہریوں کو لوٹنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
کنٹرول رومز کی تنصیب
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا ہے کہ پنجاب بھر کے کنٹرول رومز کو محکمہ داخلہ پنجاب کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے ضروری شہری خدمات اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں ہسپتالوں اور مواصلاتی لائنوں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے، شہری دفاع کے حوالے سے تمام تربیت یافتہ افراد کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے۔
قوم کا عزم
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ پوری قوم پاکستان کے دفاع کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔