لاہور سمیت پنجاب میں آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پنجاب میں ہوائیں اور بارش کا الرٹ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 7 مئی سے 11 مئی تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارشوں کے سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
متاثرہ اضلاع
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، اور گوجرانوالہ میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور تیز بارش کی پیشگوئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی آندھی و بارشوں کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
تیاری اور ہدایات
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ مزید برآں سکول ایجوکیشن، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیوسٹاک سمیت انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، واسا، پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
شہریوں کے لئے ہدایت
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 یا متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔