وزارت اقتصادی امور کا ایکس اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا

اسلام آباد میں وزارت اقتصادی امور کا اکاؤنٹ ہیک
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت اقتصادی امور کا ایکس اکاؤنٹ رات گئے ہیک ہو گیا۔
ہیک ہونے کی تصدیق
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق، ترجمان وزارت اقتصادی امور نے ایکس اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران ایکس پر کی جانے والی کسی پوسٹ کا وزارت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
سائبر ایڈوائزری کا اجرا
یاد رہے کہ دو روز قبل نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے بھارتی جارحیت کے بعد ملک میں سائبر حملوں کے پیش نظر اہم ایڈوائزری جاری کی تھی۔
حملوں کا مقصد
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ سائبر حملوں کا مقصد پاکستان کے اہم نیٹ ورکس کو متاثر کرنا ہے۔ دشمن عناصر موجودہ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سائبر حملوں میں غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔
گمراہ کن معلومات
ایڈوائزری میں بتایا گیا تھا کہ یہ عناصر فریب پر مبنی پیغامات، فشنگ سکیمز اور جھوٹی کہانیاں عام لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے الزامات
دوسری جانب بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پاکستانی جنگی طیاروں کو تباہ کرنے اور پاکستان کی جانب سے بھارتی پنجاب اور مقبوضہ کشمیر پر حملوں سے متعلق گمراہ کن پیغامات پھیلائے جا رہے ہیں، جس کی پاکستانی حکام نے سختی سے تردید کی ہے۔