پاك فضائیہ کی جرأت مندانہ کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

حنا پرویز بٹ کا خصوصی قرارداد پیش کرنا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی و چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے آج پنجاب اسمبلی میں ایک خصوصی قرارداد جمع کروائی جس میں آپریشن "بنیان مرصوص" میں پاک فوج اور بالخصوص پاک فضائیہ کی شاندار عسکری کامیابیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (پیر) کا دن کیسا رہے گا؟
پاک فضائیہ کی کارکردگی کا ذکر
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاک فضائیہ نے جس برق رفتاری، ٹیکنالوجیکل برتری اور فولادی عزم کے ساتھ دشمن کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا، وہ جنگی تاریخ میں ایک نادر مثال ہے۔ پاکستانی پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت فیصلہ سازی، اور جرأت مندانہ حملوں نے دشمن کے حوصلے پست کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں: معمولی سی بات پر جھگڑے نے تین افراد کی جان لے لی
آپریشن کی تفصیلات اور اعزازات کا مطالبہ
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ آپریشن "بنیان مرصوص" کی مکمل تفصیلات کو محفوظ کر کے اسے نصاب، قومی میڈیا اور تقریبات میں شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو ہماری عسکری تاریخ اور قربانیوں سے روشناس کرایا جا سکے۔ مزید یہ کہ ان تمام شہداء اور غازیوں کو اعلیٰ ترین قومی اعزازات سے نوازا جائے جنہوں نے اس آپریشن کو کامیاب بنایا۔
پاکستان کا غیر متزلزل دفاع
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ یہ صرف ایک فوجی آپریشن نہیں بلکہ پاکستان کے غیر متزلزل دفاع، قومی وقار اور مادرِ وطن کی حفاظت کے جذبے کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ آخر میں قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، جذبہ ایمانی اور جدید تربیت سے لیس ہو کر دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔