بھارت کے ناپاک عزائم سامنے آنے کا سلسلہ جاری، پاکستان مخالف ایک اور بڑا قدم اٹھا لیا

بھارت کا پاکستان کے سفارتی عملے کے رکن کو نکالنے کا حکم
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے پاکستان سفارتی عملے کے ایک اور رکن کو ملک سے نکلنے کا حکم دے دیا۔ سماء نیو کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات سفارتی عملے کے رکن رحیم کو ناپسندیدہ شخص قرار دے دیا گیا ہے۔ یہ اہلکار پاکستانی ہائی کمیشن میں بطور ویزہ اسسٹنٹ کام کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے بابراعظم اور محمد رضوان کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بلاک کردیے
پاکستانیوں کی ملک بدری کا سلسلہ
دوسری جانب، پہلگام فالس فلیک آپریشن کے بعد سے بھارت 23 پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے چکا ہے۔ اس سے پہلے پاکستانی ہائی کمیشن کے 22 اہلکار وطن واپس آ چکے ہیں۔ یاد رہے کہ 23 اپریل کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کے ساتھ سفارتی اور سرحدی تعلقات کو سخت کرنے کے متعدد اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا۔
ویزوں میں پابندیاں
بھارتی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستانی سفارت کاروں کے ویزوں کو محدود کر دیا جائے گا۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے دفاعی اتاشی کو بھی فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا اور یہ ہدایت کی گئی تھی کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کو سات روز میں واپس جانا ہوگا۔