معرکہ حق میں تاریخی فتح، ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔

یوم تشکر کی تقریب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
دعاؤں اور توپوں کی سلامی
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق یوم تشکر پر ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے کے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں کیں.
مزار قائد پر تقریب
مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔
مزار اقبال کی تقریب
دوسری جانب لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحة خوانی کی۔
مرکزی تقریب کی شمولیت
یوم تشکر کی مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، وزیراعظم تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔
صدر اور وزیراعظم کا خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر کا پیغام
یوم تشکر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا، یہ صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، دشمن کی جارحیت کے خلاف قوم بنیان مرصوص کی مانند کھڑی رہی، مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔
وزیراعظم کا پیغام
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہادر افواج نے دشمن کو جواب دیکر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، قوم کی طرف سے جنرل عاصم منیرکا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔