لاہور پولیس کی بروقت مداخلت نے 14 سالہ لڑکی کے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی، لڑکا گرفتار

اهم کامیابی: 14 سالہ لڑکی بازیاب
لاہور (آئی این پی) موبائلز اسکواڈ نے قانون شکن عناصر کے خلاف سائنٹیفک بنیادوں پر جاری کارروائیوں کے دوران اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے عارفوالہ سے اغواء کی گئی 14سالہ لڑکی کو بازیاب کرا لیا جبکہ اغواء کار کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دسمبر آگئے ہو تم۔۔۔
کارروائی کی تفصیلات
ترجمان موبائلز اسکواڈ کے مطابق یہ کارروائی جناح ٹرمینل ناکے پر کی گئی، جہاں ملزم علی رضا بس ٹرمینل سے لڑکی کو زبردستی اپنے ہمراہ لے جا رہا تھا۔ لڑکی کی جانب سے شور مچانے پر ناکہ انچارج نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم کے خلاف تھانہ صدر عارفوالہ، ضلع پاکپتن میں اغواء کا مقدمہ درج ہے۔ واقعے کے بعد ناکہ انچارج نے فوری طور پر پاکپتن پولیس کو اطلاع دے دی۔
قانونی کارروائی اور سراہنے کی مہم
بازیاب ہونے والی لڑکی سدرہ اور ملزم علی رضا کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوہنگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی موبائلز ارسلان زاہد نے ناکہ انچارج اور ان کی ٹیم کی بروقت کارروائی اور حاضر دماغی کو سراہتے ہوئے شاباش اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کا عمل جاری رہے گا اور کسی بھی مجرم کو قانون کی گرفت سے فرار ہونے نہیں دیا جائے گا۔