عمران خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تبدیلی کا فیصلہ واپس لے لیا

عمران خان کا فیصلہ واپس
اسلام آباد(آئی این پی) خبررساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا جنگ بندی بیان، شکست خوردہ مودی کی مشکلات بڑھ گئیں۔
آخری ملاقات کے نتائج
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عمران خان اور بیرسٹر گوہر کے درمیان آخری ملاقات میں کیا گیا۔ عمران خان نے بیرسٹر گوہر سے ملاقات میں مؤقف اپنایا کہ چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی کی ذمہ داریاں ہونے کی وجہ سے جنید اکبر کی سیاسی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے مؤقف اپنایا کہ استعفیٰ دینے کی صورت میں سپیکر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ پی ٹی آئی کے بجائے کسی اور جماعت کو دے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، دونوں اسی تنخواہ پر کام کرتیں رہیں گی، وفاقی وزیر حنیف عباسی نے حیران کن بیان داغ دیا
پارٹی کے نقصانات کا خدشہ
رپورٹ میں پی ٹی آئی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ پبلک اکاؤنٹس کا عہدہ جانے سے پارٹی کو پارلیمان میں نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا جس پر عمران خان نے بیرسٹر گوہر کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ واپس لے لیا۔
جنید اکبر کا بیان
دریں اثنا، اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں جنید اکبر نے کہا کہ نہیں معلوم کہ ان کے استعفے کی تجویز کس نے دی تھی، بانی نے استعفے کا کہا تو ضرور دیں گے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ پارٹی کے اندر کچھ لوگ ان کا استعفیٰ چاہتے تھے ان کی خواہش پوری ہوگئی۔