آج جب پوری قوم اپنے دفاع، اتحاداور استقامت کا جشن منا رہی ہے: سی ای او لیسکو

یوم تشکر کے موقع پر لیسکو کے سی ای او کا پیغام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) یومِ تشکر کے پرعزم دن کے موقع پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور شکر گزاری، قومی یکجہتی، اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اقوام عالم میں اللہ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس یوم تشکر کے موقع پر میں پوری قوم، لیسکو کے تمام افسران اور سٹاف کی طرف سے پاک فوج اور پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
قوم کی یکجہتی اور افواج کی قربانیوں کا جشن
انجینئر محمد رمضان بٹ نے مزید کہا کہ آج جب پوری قوم اپنے دفاع، اتحاد، اور استقامت کا جشن منا رہی ہے، لیسکو کا ہر افسر اور ملازم بھی یکسوئی سے اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے تیار ہے۔ یہ صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔ ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے ملک کے دفاع میں قربانی اور جرات کی نئی مثالیں قائم کیں۔
لیسکو کا عہد
لیسکو کے تمام افسران، انجینئرز، ٹیکنیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین یوم تشکر کے اس دن کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے صارفین کو بلا تعطل، محفوظ اور معیاری بجلی کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے۔ ہم اپنے قومی فریضے کو عبادت سمجھ کر انجام دیتے ہیں اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
شہداء کی قربانیاں
سی ای او لیسکو نے یومِ تشکر کے موقع پر وطن عزیز کے شہداء کو بھی بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ہماری قومی طاقت کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، یکجہتی اور صبر و استقامت کے ساتھ ملکی اداروں کا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کو ترقی، امن اور روشنی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔