بھارتی حملے کے دوران بھولاری ایئر بیس پر پاکستانی طیارے کو بھی نقصان پہنچا، سابق ایئر مارشل مسعود اختر کا دعویٰ

بھارتی حملے کا اعتراف
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ریٹائرڈ پاکستانی ایئر مارشل مسعود اختر نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے حملے کے دوران بھولاری ایئربیس پر کھڑا پاکستان کا ایک اے ڈبلیو اے سی ایس (Airborne Warning and Control System) طیارہ تباہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے بھولاری ایئر بیس پر چار براہموس میزائل داغے۔ اس دوران ہمارے پائلٹس نے اپنے قیمتی اثاثہ جات بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن چوتھا میزائل بھولاری ایئر بیس پر موجود ہینگر کو لگا جہاں ہمارا AWACS طیارہ کھڑا تھا جسے نقصان پہنچا۔
بھارتی بزدلانہ حملہ
واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بزدلانہ حملے کر کے آپریشن سندور کا آغاز کیا اور پھر آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف سویلین علاقوں کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت متعدد شہری شہید ہوئے۔ پاکستان نے صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن جب بھارت نے پاکستانی ایئر بیسز کو نشانہ بنایا تو پاکستان نے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص لانچ کیا اور پھر بھارت پر ایسا زور دار حملہ کیا کہ امریکہ نے چند ہی گھنٹوں میں جنگ بندی کرا دی۔