آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہار تشکر کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

پنجاب اسمبلی میں اہم قرارداد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی اور چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے آج پنجاب اسمبلی میں ایک اہم قرارداد جمع کروائی، جس میں آپریشن "بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ابھی بولنے کا موسم نہیں، وقت آنے پر بولیں گے، شیخ رشید
افواج پاکستان کی کامیابی
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ معزز ایوان افواج پاکستان کی جانب سے معرکۂ حق میں دشمن بھارت کو ذلت آمیز شکست دینے پر اظہارِ تشکر کرتا ہے۔ خاص طور پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت سے نہ صرف دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا امریکی عدالت میں عافیہ صدیقی کیس میں فریق بننے سے انکار
قوم کی ہم آہنگی
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان کا ہر سپاہی قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، اور پاکستانی قوم نے جس اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا وہ بھی لائقِ تحسین ہے۔ ایوان نے بھارتی حکومت کے جھوٹے اور من گھڑت پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی مصلحت کا شکار نہیں ہوگا۔
امن کی کوششیں
مزید برآں، ایوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پوری قوم اور مسلح افواج ایک پیج پر ہیں۔ حنا پرویز بٹ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں، اور قوم کو اُن پر فخر ہے۔