پی ایس ایل میں سپہ سالار کی اینٹری، آرمی چیف کو اپنے بیچ دیکھ کر شائقین کا جوش بڑھ گیا، پاک افواج زندہ باد کے نعرے

پاکستان سپر لیگ کا آغاز
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک بھارت چار روزہ جنگ میں شاندار فتح کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میلہ دوبارہ سج گیا۔ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ دیکھنے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیم پہنچے۔ ان کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری بھی موجود تھے۔ سٹیڈیم میں وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام نے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے نئے ٹولز متعارف کرادیے
شائقین کا جوش و خروش
حالیہ جنگ کے ہیروز کو اپنے بیچ دیکھ کر شائقین کا جوش بھی بڑھ گیا اور وہ پاکستان زندہ باد اور مسلح افواج کے نعرے لگاتے رہے۔ اس دوران آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر ہاتھ اٹھا کر نعروں کا جواب دیتے رہے۔
اننگز بریک کی خوشیاں
اننگز بریک کے دوران زبردست کنسرٹ ہوا جس میں اداکار حمزہ علی عباسی نے میزبان کے طور پر خدمات سر انجام دیں اور شائقین کے لہو کو گرمایا۔ گلوکار اسرار شاہ اور ساحر علی بگا نے ملی نغمے گا کر تقریب کو چار چاند لگا دیے۔