خواتین کے کپڑوں کی بڑھتی قیمتوں کا معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

قومی اسمبلی میں خواتین کے کپڑوں کی قیمتوں کا معاملہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں خواتین کے کپڑوں کی بڑھتی قیمتوں کا معاملہ قومی اسمبلی تک پہنچ گیا۔
اجلاس میں اٹھائے گئے سوالات
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ایوان کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے معاملہ اٹھا دیا۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ برینڈز کا نام دے کر لوکل ٹیکسٹائل نے اپنی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جو لیڈیز سوٹ 7 سے 8 ہزار روپے میں ملتا تھا، اب اس کی قیمت 20 ہزار روپے ہے۔ ان پر چیک اینڈ بیلنس کون رکھے گا؟
شگفتہ جمانی کی تشویش
شگفتہ جمانی کا کہنا تھا کہ جو گھر سے اٹھتا ہے، وہ ٹیکسٹائل کا بزنس شروع کر دیتا ہے اور اپنا نام رکھ لیتا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری کی وضاحت
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری تجارت ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ لوکل مارکیٹ اور ریٹیل مارکیٹ پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوکل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کی وجہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔