مہمند ڈیم کے مرکزی حصے کی تعمیر شروع ہو گئی

مہمند ڈیم کی تعمیر کا آغاز
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) واپڈا نے پاکستانی عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ مہمند ڈیم پر ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے، مین ڈیم کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔ واپڈا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مین ڈیم کی تعمیر کے آغاز پر وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے پراجیکٹ کا دورہ کیا جبکہ اس موقع پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی بھی ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا نیا چال، بڑی دھمکی کا سامنا!
مین ڈیم کی تعمیر سے فوائد
اعلامیے کے مطابق مین ڈیم کی تعمیر سے قبل ریورڈائی ورشن، ڈیم فاؤنڈیشن سمیت دیگر اہداف پہلے ہی حاصل کئے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ 213 میٹر بلند مہمند ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی ڈیم ہے۔ مہمند ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے، اور اس کی بدولت 18 ہزار ایکڑ سے زائد نئی اراضی سیراب ہوگی۔ پشاور شہر کو یومیہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: صحافی مطیع اللہ جان کا جسمانی ریمانڈ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
منصوبے کی تکمیل اور بجلی کی پیداوار
ترجمان کے مطابق ڈیم کی تکمیل 28-2027 میں شیڈول ہے، منصوبے کی 14 سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ مہمند ڈیم ہائیڈروپاور پروجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو سالانہ 2 ارب 86 کروڑ یونٹ بجلی فراہم ہوگی۔
وفاقی وزیر کا عزم
وفاقی وزیر میاں معین وٹو نے کہا کہ زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔ مہمند ڈیم کی تکمیل سے پانی اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی، منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزارت آبی وسائل ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ منصوبے کی 14 سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے، سائٹس میں ڈائی ورشن سسٹم، اِن ٹیک ٹنل، سپل ویز اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔