بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 96.5 فیصد کمی، ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گئی

بھارت کی نیٹ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں ریکارڈ کمی
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مالی سال 2025 میں بھارت کی نیٹ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 96.5 فیصد کی شدید کمی کے بعد صرف 35 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہ گئی، جو گزشتہ سال کے 10 ارب ڈالر کے مقابلے میں ایک ریکارڈ کمی ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ بلیٹن میں اس کمی کی وجہ بڑی سطح پر سرمایہ واپس لے جانے، منافع بخش ابتدائی عوامی پیشکشوں ( آئی پی اوز) سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اخراج، اور بھارتی کمپنیوں کی بیرونِ ملک سرمایہ کاری میں اضافے کو قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ادبی و ثقافتی ترقی کے نئے باب رقم ہورہے ہیں، عوام کا اعتماد ہمارا حوصلہ ہے: عظمیٰ بخاری
آئی پی او مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی سرگرمیاں
دی وائر کے مطابق آئی پی او مارکیٹ میں ہنڈائی موٹر اور سوِگی جیسے اداروں کی فہرست میں آنے سے طویل مدتی سرمایہ کاروں نے بھاری منافع حاصل کر کے مارکیٹ سے سرمایہ نکالا۔ دوسری طرف بھارتی کمپنیوں نے بھی عالمی سپلائی چین میں تبدیلیوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے بیرون ملک سرمایہ کاری میں اضافہ کیا۔
مالی سال 2025 میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے اثرات
یہ سب اس وقت ہوا جب مجموعی ایف ڈی آئی میں مضبوط اضافہ دیکھا گیا، مگر غیر ملکی اداروں کی جانب سے سرمایہ نکالنے اور بھارتی کمپنیوں کی بیرونِ ملک سرمایہ کاری کے باعث نیٹ ایف ڈی آئی میں کمی واقع ہوئی۔ مالی سال 2025 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھارت سے 49 ارب ڈالر کا سرمایہ نکالا جو گزشتہ سال کے 41 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔