لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر زمیندار کی غیرقانونی حراست سے 6 افراد بازیاب

لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر منڈی بہاؤالدین کے رہائشی محمد قاسم کی درخواست پر چھ افراد کو ایک مقامی زمیندار کی غیرقانونی حراست سے بازیاب کرا لیا گیا۔ عدالت نے تمام بازیاب ہونے والے افراد کو فوری طور پر گھر جانے کی اجازت دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے غیرقانونی وی پی اینز کی بندش کے دوسرے ٹرائل کا آغاز کردیا
کیس کی سماعت
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق جسٹس طارق محمود باجوہ نے کیس کی سماعت کی اور افراد کی بازیابی کے لیے تنویر حسین کو بیلف مقرر کیا۔ بیلف نے مقامی پولیس کی مدد سے پھالیہ کے گاؤں جوکالیاں میں زمیندار محمد اکرم کے ڈیرے پر چھاپہ مارا اور وہاں سے تمام مغوی افراد کو بازیاب کرایا۔
یہ بھی پڑھیں: 26 ویں آئینی ترمیم، سینیئر وکیل علی احمد کرد نے بڑا اعلان کردیا
مغویوں کی حالت
عدالت میں جمع کروائی گئی بیلف کی رپورٹ کے مطابق مغوی محمد سلیم کو زنجیروں سے جکڑ کر رکھا گیا تھا، جبکہ اس کی اہلیہ اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کر کے باہر سے تالہ لگایا گیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زمیندار محمد اکرم نے پورے خاندان کو غیرقانونی طور پر قید کر رکھا تھا۔
عدالت کے احکامات
عدالت نے تھانہ متعلقہ ایس ایچ او کو حکم دیا کہ مدعی کی درخواست کی روشنی میں مکمل چھان بین کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔