پاکستان کی خوشحالی کراچی کی مرہون منت ہے، یہ شہر چلتا ہے تو ملک چلتا ہے، خالد مقبول صدیقی

کراچی کی خوشحالی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم اور چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی کراچی کی مرہون منت ہے، یہ شہر چلتا ہے تو ملک چلتا ہے۔ اس شہر کے راستے سازشوں کے ذریعے روکے گئے مگر اس کے باوجود ملک کی تعمیروترقی میں کراچی نے نہ صرف اہم کردار کیا بلکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا خواب بھی اس شہر کے بیٹے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پورا کیا۔ ہمیں فخر ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسا محسن اسی شہر کا بیٹا تھا۔ اگر ہم نے پاکستان کے محسن کو یاد نہ رکھا تو یہ بڑی بے وفائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد جمخانہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملہ کیوں کیا؟ اسرائیل کا سلامتی کونسل میں حیران کن بیان
تقریب کی رونق
تقریب میں صدر ناظم آباد جمخانہ شمیم صدیقی، بانی صدر فیروز عالم لاری، سابق صدر عامر چستی، سید عثمان علی، جنرل سیکرٹری احمد علی، ٹریژار ماجد حمیل، اسماء شاہ، محمد اختر کے علاوہ ممبران کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ملی نغموں کی گونج میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس، اہم فیصلے، فوری ہنگامی پلان طلب
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں بنیادی کردار ادا کرنے پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں کامیاب زندگی گزارنے والا ایک وفادار پاکستانی اپنا سب کچھ چھوڑ کر وطن واپس آیا اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کبھی میں کبھی تم کی آخری قسط کہاں نشر کی جائے گی، فیصلہ ہوگیا
ایٹمی ہتھیار اور عالمی امن
انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی ہتھیار تباہی کا نہیں بلکہ خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھنے کا ذریعہ ہیں۔ 28 مئی کا دن اس عہد کی تکمیل کا دن ہے جس کی بدولت بھارت کو پاکستان پر کوئی بڑی جنگ مسلط کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔ بانیان پاکستان کی اولادوں نے نہ صرف آزادی حاصل کی بلکہ اسے سنوارنے اور ترقی دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ہمارے ارادے پختہ ہیں، ہمارا ملک پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آبادی کا بوجھ ملکی وسائل کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز
نارتھ ناظم آباد جمخانہ کا عہد
صدر نارتھ ناظم آباد جمخانہ ٹرسٹ شمیم صدیقی نے کہا کہ یوم تکبیر کا دن پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کا دن ہے، ہم نارتھ ناظم آباد جمخانہ ٹرسٹ کی جانب سے افواج پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ان کی بے مثال بصیرت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ عہد دہراتے ہیں کہ ہم کل بھی وطن عزیز کے دفاع کے لیے ایک تھے اور آج بھی افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔
خدمات کی یادداشت
انہوں نے نارتھ ناظم آباد جمخانہ کی تعمیرو ترقی میں مرحوم کیپٹن معیز خان اور فیروز عالم لاری کی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا اور یہ بھی کہا کہ سابق صدر عامر چشتی بھی ہمیشہ ہر مشکل میں جمخانہ کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور سابق جنرل سیکرٹری محمد اختر کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔