فرقہ واریت اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں، زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے: عظمٰی بخاری

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے عشرۂ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے تحفظ، سیکیورٹی انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اگلے مالی سال میں ایک ہزار ارب کے ترقیاتی پروگرام میں بلوچستان کا حصہ 250 ارب ہوگا، وزیراعظم
اہم اجلاس کی صدارت
اپنے دورہ کے دوران وزیر اطلاعات نے ڈی سی آفس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں کمشنر فیصل آباد مریم خان، آر پی او ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ڈی پی او عبادت نثار، منتخب نمائندگان، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایوب خان گادھی، قدیر اعوان، رحیل انور، حارث امجد اور عقبہ وڑائچ شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے وزیر اطلاعات کو سیکیورٹی، صفائی، روشنی، میڈیکل سہولیات اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: کار کھائی میں جا گری، 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی
انتظامات پر اطمینان
عظمیٰ بخاری نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عزاداروں کو مکمل تحفظ اور تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ بعد ازاں وزیر اطلاعات نے مرکزی امام بارگاہ، جلوس کے روایتی راستوں، اور مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سیکیورٹی، صفائی، لائٹنگ اور پانی کی سبیلوں کا جائزہ لیا۔ جلوس کے ہمراہ ریسکیو 1122، موبائل فیلڈ اسپتال، کلینک آن وِیل اور پانی کے چھڑکاؤ کی سہولیات کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی:فلیٹ سے ملنے والی 4لاشوں کا معمہ حل،قاتل انتہائی قریبی نکلا
محرم الحرام کا پیغام
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، اتحاد اور برداشت کا درس دیتا ہے، اور موجودہ عالمی تناظر میں اس پیغام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تمام مکاتبِ فکر کے درمیان مذہبی رواداری اور اتحاد قابلِ تحسین ہے۔ علمائے کرام منبر و محراب سے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کا پیغام دیں تاکہ معاشرے میں امن، برداشت اور بھائی چارہ فروغ پا سکے۔
سوشل میڈیا پر سختی
وزیر اطلاعات نے خبردار کیا کہ حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سوشل میڈیا پر شرانگیز اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے، اور اس کی 24/7 مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ آخر میں عظمیٰ بخاری نے ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، محکمہ بلدیات اور دیگر متعلقہ محکموں کی خدمات کو سراہا، جبکہ جلوس کے منتظمین نے بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کیا۔