سائبر پٹرولنگ سیل کا بھرپور ایکشن، 932 سوشل میڈیا اکاؤنٹس رپورٹ، اشتعال انگیزی پر 74 افراد گرفتار

پنجاب میں سائبر پٹرولنگ کا ایکشن
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے تحت محکمہ داخلہ کے سائبر پٹرولنگ سیل نے بھرپور ایکشن لیتے ہوئے تین دنوں میں 932 سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو رپورٹ کیے۔ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کے سبب اب تک پنجاب میں 74 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی شاندار پرفارمنس، کتنے تمغے جیتے؟
سائبر پٹرولنگ سیل کی سرگرمیاں
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، سائبر پٹرولنگ سیل 24/7 سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز مواد کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔ یہ خصوصی سیل محکمہ داخلہ پنجاب، پولیس، ڈی جی پی آر اور پی آئی ٹی بی کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ مذہبی نفرت پر مبنی سوشل میڈیا مواد پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ اینڈ کوئیک رسپانس سیل اس مقصد کے لئے سپیشل برانچ سے مستقل رابطے میں ہے۔
زیرو ٹالرینس پالیسی
ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور فرقہ وارانہ مواد ہرگز شیئر نہ کریں۔