اسحاق ڈار نے نواز شریف کی عمران خان سے ملنے کی خبروں کی تردید کردی

نائب وزیراعظم کا رد عمل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ممکنہ ملاقات کی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو 1 کروڑ، زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
صحافی کے سوال کا جواب
لاہور میں داتا دربار پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے اسحاق ڈار سے سوال کیا کہ کیا نواز شریف اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جارہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات کسی کی خواہش تو ہوسکتی ہے لیکن ہمیں کسی کے پاس جانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، خود اسپانسرڈ قسم کی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی وزارتوں کے بارے میں تردید
وزیر خارجہ نے پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارتیں مانگنے کی خبروں کی بھی تردید کی اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے وزارتیں لینے کی کوئی بات نہیں کی، پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشکل وقت میں ساتھ دیا اسی لیے اچھے وقت میں نہیں چھوڑیں گے، اب حکومت کو سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔