ماہواری چیک کرنے کے لیے اسکول پرنسپل نے طالبات کو برہنہ کر دیا

شرمناک واقعہ: مہاراشٹر کے اسکول میں طالبات کو ہراساں کیا گیا
نئی ڈہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مہاراشٹر کے ایک معروف انگریزی اسکول میں ماہواری کے معاملے پر طالبات کو برہنہ کرکے ہراساں کرنے کا ایک بڑا شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کو موصول درخواست
پولیس کو موصول درخواست میں بتایا گیا کہ لڑکیوں کے بیت الخلا میں خون کے دھبے پائے جانے کے بعد معاملے کی جانچ کے لئے سکول پرنسپل نے 10 ویں جماعت کی طالبات کو کنونشن ہال میں جمع کر لیا۔
طالبات کے ساتھ غیر مناسب سلوک
جہاں انہیں بیت الخلا اور ٹائلز پر خون کے دھبوں کی تصاویر دکھائی گئیں، اس کے بعد طالبات سے پوچھا گیا کہ کون ماہواری پر ہے۔ جنہوں نے ہاتھ اٹھایا ان کی تفصیل لی گئی، جبکہ باقی لڑکیوں کو باتھ رومز میں لے جا کر خواتین عملے کی جانب سے ان کے کپڑے اتروا کر چیک کیا گیا۔
والدین کا احتجاج
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد طالبات کے روتے ہوئے گھر واپس آنے پر کئی والدین نے اسکول میں احتجاج کیا۔ اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کے خلاف پولیس کو درخواست دی اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس کی کارروائی
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پرنسل، 4 اساتذہ اور 2 ٹرسٹیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب اسکول انتظامیہ نے اس واقعے کے بعد ہیڈ ماسٹر کو برطرف کردیا ہے۔