کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ،کچے کے علاقے میں آپریشنز کیلئے 1 ارب روپے کے فنڈز سے جدید آلات کی خریداری کی منظوری

کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 33 واں اجلاس
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 33 واں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ اور چوہدری شافع حسین نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبہ بھر کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ اجلاس کے دوران کچے کے علاقے میں پولیس کو وسائل کی فراہمی کے بارے تجاویز زیر غور آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: فائر فائٹرز کا عالمی دن آج، مختلف اداروں کے زیر انتظام پروگرامز، کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد
مالی وسائل کی منظوری
کابینہ کمیٹی نے وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق کچے کے علاقے میں آپریشنز کیلئے 1 ارب روپے کے فنڈز سے جدید آلات کی خریداری کی منظوری دی۔ کچے کے علاقے میں آپریشنز کیلئے نئی ٹریک اے پی سیز بھی خریدی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا فضائی آپریشن معمول پر آگیا، سعودی عرب سمیت 15 ممالک کی پروازیں شروع
رینجرز کی تعیناتی
اسی طرح کابینہ کمیٹی نے اٹک اور ڈی جی خان میں رینجرز کے 1، 1 ونگ کی تعیناتی کی منظوری دی جبکہ میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی میں 3 ماہ کی توسیع بھی دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے مختلف اضلاع کیلئے 90 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کی منظوری دی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس ریگولر بنچ کو بھجوا دیا گیا
تحفظ اور شہداء کا ذکر
صوبائی وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب بھر میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ہمارے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار ہمارے محسن اور قومی ہیرو ہیں۔ بلوچستان سے واپس آتے ہوئے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے درندگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر علی امین گنڈاپور کی توہین عدالت کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب
اہل خانہ کی امداد
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب تمام شہداء کے اہل خانہ سے رابطے میں ہے اور قانون کے مطابق بھرپور امداد فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت: روایتی شندور پولو فیسٹیول 20 جون سے شروع ہوگا
اجلاس میں دعا اور سیکیورٹی کی اہمیت
اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ قیام امن کیلئے پنجاب پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانے پر محکمہ داخلہ کا کردار لائق تحسین ہے۔ کچے کے علاقے میں پولیس کو جدید آلات کے استعمال کے بارے ضروری تربیت کروائی جائے گی۔
اجلاس کے شرکاء
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ کچے کے علاقے میں آپریشنز کی کامیابی کیلئے پولیس کو تمام تر وسائل فراہم کر رہے ہیں اور شہریوں کیساتھ پولیس اہلکاروں کی حفاظت بھی نہایت اہم ہے۔ کابینہ کمیٹی کے 33ویں اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پولیس، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں سے حکام نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اسی طرح پنجاب کے سرحدی ڈویژنز اور اضلاع سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور تجاویز پیش کیں۔