افغان ای ویزا اسکینڈل، وزارت داخلہ کے 2 اہم افسران کو ہٹا دیاگیا

افغان ای ویزا اسکینڈل میں پیشرفت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغان ای ویزا اسکینڈل میں اہم پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے۔ وزارت داخلہ کے 2 اہم افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران ایٹم بم بنانے کے قریب پہنچ گیا:عالمی توانائی ایجنسی کا دعویٰ
ہٹائے گئے افسران
ڈپٹی سیکریٹری ویزا سیکشن اور جوائنٹ سیکریٹری ایف آئی اے کے تبادلے کردیئے گئے ہیں، اور مبینہ طور پر دونوں افسران کے نام اس اسکینڈل میں شامل تھے۔
ڈپٹی سیکریٹری ویزا سیکشن، شیریں حنا اصغر، کا تبادلہ کیا گیا ہے، جبکہ شفقت علی چاچڑ کو نیا ڈپٹی سیکریٹری ویزا تعینات کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری ایف آئی اے سیکشن، عدنان ارشد اولک، کو بھی عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ عاصم ایوب نئے جوائنٹ سیکریٹری ایف آئی اے تعینات کیے گئے ہیں۔
مزید گرفتاریاں
سما ٹی وی کے مطابق، وزارت داخلہ نے نئی تقرریوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک ای ویزا اسکینڈل میں 4 ملزمان گرفتار کئے جاچکے ہیں، جن میں رشوت مانگنے والا ایک سب انسپکٹر اور کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔