بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کا ضیاع، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی قیادت کا اظہارِ افسوس

بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کا ضیاع
لاہور (طیبہ بخاری سے ) بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کا ضیاع، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی قیادت کا اظہارِ افسوس، متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صرف سات ماہ میں 25 آدمیوں سے شادی کرکے انہیں لوٹنے والی خاتون گرفتار
پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی قیادت کا موقف
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں خصوصاً پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، املاک کی تباہی اور وسیع پیمانے پر نقل مکانی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والی یہ غیر معمولی صورتحال نہ صرف انسانی جانوں کے نقصان کا باعث بن رہی ہے بلکہ عام شہریوں کی روزمرہ زندگی، ذرائع معاش، فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی بری طرح متاثر کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت بھول گیا تھا پاکستانی قوم اور افواج کبھی نہیں جھک سکتے، ترجمان پاک فوج
دعائیں اور امدادی سرگرمیوں کی درخواست
انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی قیادت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، خوراک، پینے کے صاف پانی، طبی امداد، اور رہائش جیسی بنیادی ضروریات فوری طور پر مہیا کی جائیں۔
مستقبل کی حکمت عملی
مخدوم احمد محمود اور عبدالقادر شاہین نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط اور فعال قومی حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی تباہ کاریوں کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور کارکنان سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریں۔