بھارتی طیارے گرانے سے متعلق سوال ہمارے قومی جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ

بھارتی وزیر دفاع کی پارلیمنٹ میں گفتگو
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہمارے کتنے طیارے گرے؟ میرے خیال میں اپوزیشن کا سوال ہمارے قومی جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا۔لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر اپوزیشن کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا کوئی تنازعہ نہیں بلکہ یہ تہذیب اور بربریت کا ٹکراؤ ہے۔اگر کوئی ہماری خودمختاری کو نقصان پہنچاتا ہے تو اسے جواب دینا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا نے عمران خان کے مستقبل کے بارے پریشان کن پیشگوئی کر دی
اپوزیشن کی تنقید کا جواب
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ نہیں پوچھا کہ ہماری فوج نے کتنے طیارے گرائے؟ اگر انھیں سوال ہی پوچھنا ہے تو یہ پوچھنا چاہیے کہ انڈیا نے کتنے ٹھکانے تباہ کیے ۔ اگر آپ نے سوال پوچھنا ہی ہے تو یہ پوچھیں کہ آپریشن میں ہمارے کتنے فوجیوں کو نقصان پہنچا؟ پاکستان نے ہمارے کتنے طیارے گرائے ہیں یہ قومی جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے مئی میں پاکستان کے ساتھ فوجی تنازع اس لیے ختم کیا کیونکہ اپنے تمام سیاسی اور عسکری مقاصد حاصل کر لیے تھے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو بھی مسترد کر دیا کہ جنگ بندی ان کی ثالثی سے ممکن ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی کے درمیان تنازع، دونوں افسران عہدوں سے فارغ
آپریشن کے متعلق وضاحت
راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت نے آپریشن کو کسی بین الاقوامی دباؤ کے تحت روکا یہ بالکل بے بنیاد اور غلط تصور ہے۔ ان کے بقول آپریشن بند کرنے کا فیصلہ مکمل حکمتِ عملی اور مقاصد کے حصول کے بعد کیا گیا۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کے ساتھ ہی بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک جھڑپ کے دوران تین افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے جن پر اپریل کے پہلگام حملے میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت ہندو سیاحوں کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
اپوزیشن کا سوالات کا سلسلہ
دوسری جانب بھارتی اپوزیشن نے مودی حکومت کے بیانیے پر شدید سوالات اٹھائے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ اور سینئر کانگریسی رہنما پی چدمبرم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام حملے اور اس کے بعد شروع ہونے والے فوجی آپریشن کے حوالے سے حقائق عوام سے چھپائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک حملہ آوروں کی نہ گرفتاری ہوئی ہے، نہ ان کی شناخت سامنے لائی گئی ہے۔
چدمبرم نے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی تحقیقات پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ حملہ آور بھارت کے اندر سے ہوں۔ حکومت ایک واضح اور یکساں بیانیہ دینے میں ناکام رہی ہے۔ کبھی سنگاپور سے کوئی افسر بیان دیتا ہے، کبھی ممبئی سے، تو کبھی انڈونیشیا سے، مگر خود وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خارجہ خاموش ہیں۔
جنگ بندی اور بین الاقوامی دباؤ
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں ثالثی کا کردار ادا کیا، جس پر پاکستان نے ان کا شکریہ ادا کیا، مگر بھارت نے اس سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی دونوں ممالک نے باہمی طور پر کی۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو بھارتی کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں مئی میں چار روزہ فوجی تصادم ہوا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ممالک نے لڑاکا طیارے، میزائل، ڈرونز اور دیگر جدید ہتھیار استعمال کیے۔