پاکستان نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملا دی، ان کی باتوں کو اب سنجیدہ نہیں لینا چاہیے: خواجہ آصف

خواجہ آصف کا بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملادی، بھارتی وزیراعظم اب بین الاقوامی مذاق بن چکے ہیں۔ ان کی باتوں کو اب سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: میں نہ یوٹیوبر ہوں نہ ہی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ، سلمان اکرم راجہ کا جسٹس مسرت ہلالی سے مکالمہ
پاک، بھارت جنگ کے حوالے سے مودی کے بیانات
پاک، بھارت جنگ کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے 'جیو نیوز' سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی کی ناؤ اب ڈوب چکی ہے۔ بیانات دے کر نریندر مودی اپنی ساکھ دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں، لیکن پاک فوج اور قوم نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملائی اور وہ رل گیا۔ نریندر مودی عالمی سطح پر رل گیا ہے؛ جس سے گلے ملتا ہے وہ گلے نہیں ملتے، اور کسی سے ہاتھ ملانا چاہتا ہے وہ ہاتھ نہیں ملاتے۔ نریندر مودی اب بین الاقوامی مذاق بن چکا ہے، اور ان کی باتوں کو اب سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ بھارتی پارلیمنٹ میں نریندر مودی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی میڈیا اور فوج نے خود کہا ہے کہ جہاز گرے ہیں۔ نریندر مودی کو بھی یہ بات مان لینی چاہیے، ان کا سورج غروب ہو چکا ہے اور سیاسی ساکھ ختم ہو چکی ہے۔
فلسطینی عوام کی حالت
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بڑی طاقتوں کی جانب سے فلسطینیوں پر قحط نازل کیا گیا ہے، اور اب ان کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔ جس طرح غزہ کے بچوں کو بھوکا مارا جا رہا ہے، یہ انسانیت کے لیے قابل شرم ہے۔ بھوک، قحط اور افلاس سے جو لوگ مارے جا رہے ہیں ان کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔ برطانیہ اور فرانس کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ایک بہت اہم نکتہ ہے۔ برطانیہ پر یہ قرض ہے کیونکہ یہ اسرائیلی ریاست برطانیہ نے ہی بنائی تھی۔ 1921 میں جو ڈیکلریشن آیا تھا، اس کی سازش برطانیہ نے خود کی تھی۔ برطانیہ فلسطینی قوم کے اوپر اپنا قرض اتارے، اور اب یہ وقت ہے کہ ماضی میں جو گناہ اور جرم برطانیہ نے کیے، اس کے لیے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہو۔ برطانیہ کو فلسطینیوں کے ساتھ کیے گئے مظالم کا ازالہ کرنا چاہیے۔