چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل کا فوری ایکشن، تلاشی کے نام پر معصوم بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر چاروں ڈولفن پولیس اہلکار معطل

فوری ایکشن
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل کا فوری ایکشن، تلاشی کے نام پر معصوم بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر چاروں ڈولفن پولیس اہلکار معطل کر دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور اسلام آباد کو 33 مقامات سے بند کرنے کا سلسلہ جاری
واقعے کی تفصیلات
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر معصوم بچوں پر تشدد کے واقعے پر چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل شعیب مرزا نے فوری نوٹس لے لیا۔ قادر پوراں میں مبینہ تشدد پر 4 ڈولفن پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری ایکشن لے لیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشن ملتان نے ڈولفن اہلکار اسد، نبیل، وقاض اور جنید کو معطل کرنے کا آرڈر جاری کر دیا ہے۔ ڈولفن پولیس کے چاروں کانسٹیبلز کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ 17 سالہ ملک داؤد عمران موٹر سائیکل پر کسی دوکان سے کولڈڈرنک خریدنے آیا تو ڈولفن اہلکاروں نے اسے دھر لیا اور تلاشی کے بعد تشدد کا نشانہ بنا کر تھانہ قادر پوراں لے گئے۔
عوام کی حفاظت کی یقین دہانی
چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل شعیب مرزا نے واقعے کا علم ہوتے ہی متعلقہ پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ چیئرمین کمپلینٹ سیل شعیب مرزا نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال اور عزت و نفس کا تحفظ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام بالخصوص بچوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔