لیسکو اینٹی تھیفٹ ٹیم اِن ایکشن، واہگہ روڈ اور صحافی کالونی سب ڈویژنز میں بجلی چوری کی بڑی وارداتیں بے نقاب

لیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں
لاہور (ڈیلی پاکستان آْن لائن) وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مستونگ؛نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2لیویز اہلکار جاں بحق
آپریشن کی تفصیلات
ایسٹرن سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عمر بلال کی سربراہی میں واہگہ روڈ اور صحافی کالونی سب ڈویژنز میں کامیاب آپریشن کیا گیا۔ واہگہ روڈ سب ڈویژن کے علاقے ڈوگاجے، واہگہ لاہور کے رہائشی غلام مصطفیٰ بغیر میٹر کے براہِ راست بجلی استعمال کرتے ہوئے اینٹوں کے بھٹے کو چلا رہا تھا۔ ایس ڈی او واہگہ روڈ کی سربراہی میں لیسکو کی ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری کا پتہ لگایا اور ماہرین کی جانب سے 15,38,782 روپے کی ڈٹیکشن بلنگ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے فیلڈ مارشل کی ملاقات سے متعلق کوئی سوال نہیں اٹھائے: رؤف حسن
دوسرا کیس
اسی طرح ایس ڈی او صحافی کالونی سب ڈویژن کی سربراہی میں موضع نتھوکی میں محمد یعقوب نامی شخص کو بجلی کی براہِ راست سپلائی کے ذریعے اپنے بھٹے اور ٹیوب ویل کے لیے غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرتے ہوئے پایا گیا۔ ماہرین نے موقع پر معائنہ کے بعد 25,40,870 روپے کی ڈٹیکشن بلنگ کی۔ دونوں افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو کی یقین دہانی
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ قومی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے۔ بجلی چوری جیسے سنگین جرم کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی رعایت یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ صارفین کی بروقت ادائیگیوں اور ایمانداری سے استعمال کیے گئے یونٹس ہی نظام کی بہتری اور ادارے کی ترقی کی ضمانت ہیں۔ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بجلی چوری کی اطلاع فوری طور پر لیسکو کے متعلقہ دفاتر یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ ملک و قوم کے مفاد میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔