پی ٹی آئی کا 9مئی کیسز میں پارٹی رہنماؤں کو سزاؤں کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

پی ٹی آئی کا 9 مئی کیسز میں فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کے کیسز میں پارٹی رہنماؤں کو سزاؤں کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں کو صرف نفرت اور شرپسندی کی طرف راغب کیا، رانا ثنا اللہ
پی ٹی آئی چیئرمین کا ردعمل
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دیگر رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو انصاف کا قتل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ بہت ہو گیا اور اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اگر ناانصافی کی چھری اِسی طرح چلتی رہی تو ملک مزید تقسیم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز اناطولیہ پہنچ گئیں، ڈپلومیسی فورم 2025ء کے تحت بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کریں گی
اسد قیصر کا بیان
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ انصاف دور دور تک نظر نہیں آتا اور اب عدالتوں پر اعتماد بھی نہیں رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ ربر اسٹیمپ بن چکی ہے اور اس کو پارلیمنٹ کہنا بھی گناہ ہے۔ اسد قیصر نے یقین دلایا کہ ہم آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے کھڑے ہیں اور رہیں گے۔
عدالت کا فیصلہ
خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے متعلق دو اہم مقدمات کے فیصلے میں راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا ہے۔