مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا فارمولہ طے

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا معاہدہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان ضمنی انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: عاقب جاوید کا ملتان ٹیسٹ میں کامیابی کا راز: انگلش بلے بازوں کے لیے سب سے ‘فلیٹ’ پچ کیسے ڈراؤنا خواب بن گئی
ملاقات کی تفصیلات
ڈان نیوز کے مطابق ضمنی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر مشاورت کے لیے مسلم لیگ (ن) کا وفد مذاکرات کے لیے راجا پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر پہنچا، ملاقات میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے وفد میں وفاقی وزیر حنیف عباسی اور طارق فضل چوہدری شامل تھے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مذاکرات میں راجا پرویز اشرف اور نیئر بخاری شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیکس بڑھانے کی تجاویز مسترد کردیں
حکمت عملی کی اکائی
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں فارمولا طے پایا ہے۔
عام انتخابات میں جس حلقے میں پیپلز پارٹی کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا تھا اس سیٹ پر (ن) لیگ ہمیں سپورٹ کرے گی جب کہ جس حلقے میں (ن) لیگ کا امیدوار دوسرے نمبر پر تھا وہاں پیپلز پارٹی سپورٹ کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیان
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان یہ فارمولا طے ہوا ہے۔ اسی فارمولے کے تحت پہلے بھی منی انتخابات لڑے گئے اور اب بھی لڑے جائیں گے۔
دونوں جماعتیں سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں اور ضمنی انتخابات دونوں جماعتیں مل کر لڑیں گی اور کامیابی حاصل کریں گی۔