کراچی میں لین دین کے تنازع پر بھائی نے بھائی کو قتل کردیا

کراچی میں دو بھائیوں کے درمیان فائرنگ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلدیہ ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران دو بھائیوں کی ایک دوسرے پر فائرنگ کے نتیجے میں چھوٹا بھائی جان کی بازی ہار گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ مریم نواز کا اظہار افسوس
واقعے کی تفصیلات
پولیس کے مطابق اتوار کو سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن صدام چوک کے قریب مسافر مزدا کے لین دین کا تنازع ہوا، جس پر 30 سالہ ایاز اور 35 سالہ امتیاز نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی۔ دونوں بھائیوں کو فوری طور پر شدید زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم، فائرنگ سے شدید زخمی 30 سالہ ایاز آج اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کی تحقیقات
ایس ایچ اوسعید آباد پرویز سولنگی کے مطابق جھگڑے کے دوران بڑے بھائی امتیاز نے پہلے چھوٹے بھائی ایاز پر فائرنگ کی، جس کے باعث ایاز شدید زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں، شدید زخمی حالت میں ایاز نے بڑے بھائی سے اسلحہ چھین کر اسی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں بڑا بھائی امتیاز بھی زخمی ہوگیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔